تاثرات : جسٹس غلام مجدد مرزا
ڈاکٹر طاہرالقادری کی ذاتی Integnity، انتھک جدوجہد، ان کے افکار و کردار کی خوبصورتی، ان کی پاکیزگی اور نیک کردار کے ساتھ مل کر ان کو گلشنِ اسلام کا ایک منفرد پھول بنا دیتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اللہ سے محبت کرنے والے بھی ہیں اور اس سے ڈرنے والے بھی۔ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے ساتھ عشق انتہا درجے کا ہے اور حضور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کے ساتھ ان کا روحانی تعلق کسی شک و شبہ سے بالا ہے۔ ان کا مشن اسلام کی خدمت ہے اور اللہ اور اس کے رسول کے پیغام کا ابلاغ و فروغ ان کی زندگی کا مقصد ہے۔ ان کو علوم جدیدہ و قدیمہ دونوں پر عبور اور ملکہ حاصل ہے۔ انہوں نے جس انداز اور طریق پر ادب و تعظیم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتباع و اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک کا آغاز کیا ہے۔ اس نے انسانیت کی قلب و روح کو ایک نئی خوبصورتی عطا کی ہے اور اللہ کے بندوں کو ایک نئی خوشبو سے معطر کر دیا ہے۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ ڈاکٹر صاحب کی خالص، صالح اور مکمل قیادت میں تحریک منہاج القرآن اپنی منزل مقصود حاصل کرے گی اور اس کے لئے دعا گو بھی ہوں۔