منہاج بکس ڈاٹ کوم

منہاج انسائیکلوپیڈیا سے
Jump to navigation Jump to search

اس ویب سائٹ [1] کے ذریعے اہل علم اور عامۃ الناس تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار و نظریات اور تعلیمات ہزاروں صفحات پر مشتمل اس ڈیجیٹل لائبریری کی صورت میں پیش کئے گئے ہیں۔ یہاں آپ مختلف موضوعات پر سیر حاصل مواد تلاش کر سکتے ہیں، اور اسلام و بانئ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کیے جانے والے اعتراضات کا مدلل جواب دینے کے لیے بہ آسانی مواد نقل کر سکتے ہیں۔

مقصد قیام

اسلام دین علم ہے۔ سرکار دو عالم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نازل ہونے والی پہلی وحی میں صرف پڑھنے کا ذکر تھا۔ یہی وجہ تھی کہ ظلماتِ جہالت میں ڈوبی ہوئی قومِ عرب اس آفاقی پیغام پر عمل کرتے ہوئے صرف تحصیلِ علم کے ذریعے چند عشروں میں دنیا کی سب سے زیادہ متمدن اور تہذیب یافتہ قوم بن گئی، اور اَغیار پر حکمرانی کرنے لگی۔ جب تک وہ اِس پیغام پر عمل در آمد کرتے رہے وہ دنیا پر حکمران رہے۔ اور جب انہوں نے علم کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا، ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن گئی۔ آج ہم ترقی یافتہ دنیا سے صرف اس لیے پیچھے ہیں کہ ہم علم میں کم زور ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ربع صدی قبل اپنے ہمہ جہتی مشن کا آغاز کرتے ہوئے جب تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو علم و فکر کے میدان میں بھی خصوصی کاوشیں کیں۔ انہوں نے زوال کی شکار اُمت مسلمہ کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے اور انہیں منازلِ عروج پر پہنچانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا، اور قرآن و سنت کا اِنقلابی پیغام قلم و قرطاس کے ذریعے عام کرنے کے لیے علمی و فکری اور عصری موضوعات پر وقیع خدمات سرانجام دی ہیں۔ تاحال علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت و فضائل نبوی، عصریات، فقہیات، عقائد اور دیگر قدیم و جدید موضوعات پر آپ کی چار سو کے لگ بھگ تصانیف شائع ہوچکی ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تمام تصانیف کو انٹرنیٹ پر مفت فراہم کرنے کی غرض سے منہاج بکس ڈاٹ کوم [2] کا قیام عمل میں لایا گیا، جن کی بڑی تعداد اس وقت ویب سائٹ پر شائع ہو چکی ہے۔

تاریخی پس منظر

تحریک منہاج القرآن علمی و فکری میدان کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے میں بھی رہنما کی حیثیت رکھتی، اور آج سے برسوں قبل جب پاکستان میں انٹرنیٹ کا آغاز ہوا تو یہ پاکستان کی سب سے پہلی اسلامی تحریک تھی، جس نے اپنی ویب سائٹ قائم کی اور اپنی سرگرمیاں شائع کرنے کے علاوہ اسلام مخالف پراپیگنڈے کا جواب دینے کی بنیاد رکھی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کی آن لائن اشاعت کی غرض سے منہاج بکس ڈاٹ کوم کا آغاز14 اگست 2001ء کو عمل میں لایا گیا۔ ابتدائی طور پر ایچ ٹی ایم ایل میں بنی اس میں صرف 4 کتابوں کا مکمل متن تصویری روپ میں شائع کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ کئی بار ڈویلپمنٹ کے مراحل سے گزر کر موجودہ حالت کو پہنچی اور دریں اثناء اس ڈائنامک ویب سائٹ میں سیکڑوں تصانیف یونیکوڈ، PDF اور تصویری روپ میں شائع کی جا چکی ہیں۔

موجودہ حالت

منہاج بکس ڈاٹ کوم کے موجودہ ورژن کا افتتاح مؤرخہ 25 مئی 2009ء کو ہوا، تب اس میں کل 128 تصانیف شامل کی گئی تھیں۔ محض ایک سال کے اندر 25 مئی 2010ء تک اس ویب سائٹ میں اردو، انگریزی، عربی اور جرمن زبانوں میں 76,671 صفحات پر مشتمل کل 384 تصانیف شائع ہو چکی ہیں، جو یونیکوڈ، پی ڈی ایف اور امیجز پر مشتمل ہیں۔

یونیکوڈ ٹیکسٹ فارمیٹ

یہ ویب سائٹ یونیکوڈ ٹیکسٹ میں ہزاروں صفحات پر مشتمل اسلامی ادب کا نایاب ذخیرہ اس لئے فراہم کرتی ہے کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں مطلوبہ مواد کی تلاش صرف ٹیکٹی فارمیٹ میں ہی ممکن ہے۔

امیج فارمیٹ

یونیکوڈ ٹیکسٹ کے ساتھ ساتھ یہاں تصویری روپ (یعنی امیج فارمیٹ) میں بھی سیکڑوں تصانیف فراہم کی گئی ہیں تاکہ اردو فونٹ کی سہولت نہ رکھنے والے قارئین کو بھی مطالعہ میں دقت نہ ہو۔

پی ڈی ایف فارمیٹ

اس کے علاوہ یہاں سیکڑوں تصانیف پی ڈی ایف میں بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ قارئین حسب ضرورت انہیں پرنٹ کر سکیں۔

ناظرین

مؤرخہ 25 مئی 2010ء تک منہاج بکس ڈاٹ کوم کے ناظرین کی مجموعی تعداد سوا کروڑ سے تجاوز کر چکی تھی۔