تاثرات : الشیخ پروفیسر ڈاکٹر احمد عمر ہاشم

منہاج انسائیکلوپیڈیا سے
نظرثانی بتاریخ 14:33، 29 اپريل 2009ء از منہاجین (تبادلۂ خیال | شراکت)
(فرق) ←سابقہ تدوین | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigation Jump to search

تمام تعریفیں اس اﷲ تعالی کے لیے ہیں، جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے اور درود و سلام ہو تمام رسولوں سے معزز رسول ہمارے سردار حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی آل اور تمام صحابہ کرام پر۔

میں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب ’’المنہاج السوی من الحدیث النبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کا مطالعہ کیا ہے۔ بے شک یہ ایک عظیم کتاب ہے۔ اس لئے بھی کہ یہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحیح احادیث کے قابل ذکر مجموعہ پر مشتمل ہے اور اس لئے بھی کہ یہ مجموعہ حدیث عقیدہ، عبادات اور اخلاقیات کے متعدد ابواب پر مشتمل ہے۔ اس کام میں فاضل مؤلف کی کوشش قابل تحسین ہے، جس کے ذریعہ انہوں نے اس کائنات کے معزز ترین ورثے کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اور وہ ورثہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صاحب الحوض اور مقام محمود، سید الخلق اور ہمارے شفیع و سردار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث مبارکہ ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث کو پھیلانے میں دین و دنیا کی بھلائی، عقیدہ و عبادت کی بہتری اور اخلاق و شریعت کی بہترین خدمت ہے۔ یہ کتاب ان اہم ترین کتابوں میں سے ایک ہے جو اسلام کے اصل الاصول (جو کہ قرآن کے بعد دوسرا مصدر ہے) یعنی سنت نبویہ علی صاحبھا افضل الصلاۃ واتم السلام پر مشتمل ہونے کی وجہ سے خدمت اسلام کا بڑا ذریعہ ہیں۔

پس اﷲ تعالیٰ اس کتاب کے مؤلف پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری چانسلر جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کو، اس محنت شاقہ پر جو انہوں نے اس کتاب کی تیاری میں صرف کی، جزائے خیر عطا فرمائے۔ ان کی خدمت سنت کی یہ سعی ہمارے آقا و مولیٰ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازی جائے۔ میں اﷲ تعالیٰ سے عرض گزار ہوں کہ وہ میری، آپ سب کی اور تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمائے، اس کتاب کے ہر قاری کو نفع بخشے اور ہمارے آقا و مولی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہل بیت اطہار سلام اﷲ علیھم اور صحابہ کرام پر درود و سلام بھیجے۔