تاثرات : پروفیسر ڈاکٹر شبیہ الحسن

منہاج انسائیکلوپیڈیا سے
نظرثانی بتاریخ 17:14، 30 اپريل 2009ء از NaveedBCN (تبادلۂ خیال | شراکت) (نیا صفحہ: ڈاکٹر شبیہ الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عظمت کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ وہ س...)
(فرق) ←سابقہ تدوین | تازہ ترین نسخہ (فرق) | تازہ نسخہ ← (فرق)
Jump to navigation Jump to search

ڈاکٹر شبیہ الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عظمت کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ وہ سرورِ انبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیوانے ہیں۔ ان کی شخصیت سے محنت، اخلاص، عشق و محبت کا درس ملتا ہے اور بلاشبہ نابغہ روزگار ہیں۔ اس رنگا رنگ اور متنوع الجہات کا ئنات کے خالق نے اس دنیا کو ایک ہشت پہلو نگینہ بنا کر خلق کیا ہے۔ یہ دنیا مختلف النوع چیزوں سے مل کرتشکیل پائی ہے۔ کبھی یہ متضاد اور متنوع اشیاء اپنی جدا گانہ حیثیت کا اعلان کرتی ہیں اور کبھی کبھی یہ تمام چیزیں مل جل کر ایک مرکب شکل میں ہمارے سامنے آجاتی ہیں۔ اس تمام صورتحال کے باوجود ہر شے اور ہر شخص کی اپنی علیحدہ، جداگانہ اور منفرد حیثیت ہے اور ہر تخلیق اپنی اپنی صلاحیت اور طاقت کے مطابق اپنے اپنے کام میں مصروف ہے۔

اس ہشت پہلو کائنات میں ایک ایسی شخصیت بھی تخلیق ہوئی جسے دنیا ڈاکٹر طاہرالقادری کے نام سے جانتی،پہچانتی اور مانتی ہے۔ یہ جامع الصفات شخصیت اپنی علمی وجاہت اوراصابت الرائے کے باعث اہل علم وادب کی آنکھ کا تارا اور صاحبان فہم ذکا ء کے لیے روشنی کا مینارہ ہے۔ یہ طاہر الصفات شخصیت اسم بامسمیٰ ہے کہ جب ساری دنیا زور وزر کی متلاشی ہے تو یہ مولا علی رضی اللہ عنہ کا یہ دیوانہ اپنے علم اور فقر پر قانع نظر آتا ہے ۔ دنیاوی دولت اس کی نگاہوں میں ہیچ ہے۔ اس فرد فرید نے اپنا سب کچھ بیچ کر دل میں حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وآل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایک ایسا چراغ مودّت روشن کر لیا ہے جو اس کے لیے دنیوی عظمت اور دینی بخشش کا ذریعہ ہے طاہرالقادری نے عصر حاضر کی تاریکیوں سے بچنے کے لیے دل میں چراغ الفت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روشن کر لیا ہے اور وہ اہل دنیا سے برملا کہہ رہے ہیں کہ

دل میں روشن کر لیا ہے حب احمد (ص) کا چراغ


ہم کبھی لیتے نہیں ہیں در بدر کی روشنی

اس کائنات میں کچھ ایسے نفوس طاہرہ موجود ہیں جو بیک وقت انسان کا رشتہ خدا اور بندگان خدا دونوں سے مضبوط کرنے میں مصروف ہیں وہ اپنی دولت و ثروت حکمت و دانائی علم و عمل سب کچھ مخلوقات خدا کی بہتری کے لیے صرف کر رہے ہیں ان عظیم المرتبت شخصیات میں سے ایک معتبر فرد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھی ہیں جو دہشت و بارود کی اس فضاء میں دوسروں کی زندگیاں برباد کرنے والے استعماری ایجنٹوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے ہیں۔ وہ نفرت پھیلانے والے انسانیت دشمنوں کے ارادوں کو اپنے حسن خلق اور انسان دوستی سے ختم کرنے میں مصروف ہیں وہ اپنے ہاتھوں میں حق اور سچ کا الم اٹھائے اور امن کی فاختہ سرپر سجائے ہر اس فرد،طاقت اور قوت سے مخاطب ہیں جو اپنی عیاری مکاری اور ریا کاری سے انسانوں میں نسلی، قومی،صوبائی اور مسلکی تعصبات کا زہر گھولنے میں مصروف ہیں ۔

طاہرالقادری ایک ایسے دین سے تعلق رکھتے ہیں جہاں سر تسلیم خم کرنا عظمت انسان کی دلیل ہے وہ ایک ایسے دین کے پاسدار ہیں جو معاشرے میں اخوت کی جہانگیری اور محبت کی فراوانی کا طلب گار ہے طاہرالقادری عالم انسانیت کے لیے تمام نفوس کے دلوں پر دستک دیتے ہوئے کہتے ہیں ۔

دین کوئی بھی اختیار کرے


آدمی آدمی سے پیار کرے

عصر حاضر میں انسان جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہو رہا ہے یہ دنیا اب گلوبل ویلج سے سمٹ کر گلوبل ہٹ میں تبدیل ہو گئی ہیں۔ اس خیمہ کائنات میں کوئی فرد یا قوم دوسرے افراد یا اقوام سے جدا ہو کر زندگی نہیں گزار سکتا اس صورتحال میں ہر فرد اور قوم کی ذمہ داریوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس حقیقت سے باخبر ہونے کے بعد جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے والے واحد معروف دانشور ہیں انہوں نے ہمیشہ اپنے افکار و نظریات کو انسان دوستی امن انسانی فلاح اور بھائی چارے کے لیے استعمال کیا ہے۔ طاہرالقادری صاحب نے ساری دنیا میں بین المذاہب مکالمے کی ضرورت کا احساس دلایا اور منتشر الخیال اقوام کو احساس دلایا کہ اب کشادہ دلی اور وسیع القلبی کی ضرورت ہے انہوں نے احساس سے مالا مال قوموں کو یقین دلایا کہ اب اقوام عالم کو باہمی محبت و یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری آدمی پرست،وطن دوست،حب انسانیت سے سرشار اور مذہبی اقدار کے آمین ہیں انہوں نے تخت و تاج کو ٹھکرا کر اہل دنیا کو یہ سبق دیا ہے کہ اس کائنات میں وہی افراد لوح تاریخ پراپنے نشان ثبت کرواتے ہیں جو امن وآشتی کے سفیر بن جاتے ہیں۔ آیئے امن آمان کے اس داعی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جلائی ہوئی شمع سے اپنے چراغ فکر و نظر کو روشن کریں ۔ اس جلیل القدر ہستی کی آواز پر لبیک کہیں اور دنیا کو امن وسلامتی کا گہوارہ بنا دیں۔ آئیے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے دیں ان کی انسان دوستی کی تحریک میں شامل ہو جائیں اور اس دنیا کو ایک نیا رنگ، آہنگ اور روپ عطا کردیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری ہر ہوشمند اور ذی شعور کویہ پیغام دلنشیں دے رہے ہیں کہ

ہمیں خبر ہے کہ ہم ہیں چراغ آخر شب


ہمارے بعد اندھیرا نہیں اجالا ہے